مینگلور10/ نومبر (ایس او نیوز) شہر سے قریب 85 کلو میٹر دور دکشن کنڑا کے سولیا میں پیش آئے دو مختلف سڑک حادثات میں دو خواتین کی موت واقع ہوگئی، جبکہ ایک لڑکی شدید زخمی ہے۔ دونوں حادثات جمعہ کی شام کو پیش آئے۔
پہلے حادثے میں فوت ہونے والی نوجوان لڑکی کی شناخت رچنا (20) کے طور پر کی گئی ہے، جبکہ دوسری خاتون کی شناخت رحمت(47)کے طور پر ہوئی ہے۔ حادثے میں رچنا کی 16 سالہ بہن اننیا شدید زخمی بتائی گئی ہے، پتہ چلا ہے کہ رچنا پتور کے نجی کالج میں زیر تعلیم اپنی بہن کو لے کر گھر لوٹ رہی تھی جس کے دوران مخالف سمت سے آنے والی بس نے اسکوٹر کو ٹکر ماردی۔
دوسرا حادثہ اُس وقت پیش آیا جب عبدالرشید نامی شخص رحمت کو اسکو ٹر پر بٹھائے مینگلور انٹرنیشنل ائرپورٹ جارہا تھا جس کے دوران راستے پر بائک پھسل گئی، جیسے ہی پچھلی سیٹ پر سوار رحمت سڑک پر گری، وہ پیچھے سے آنے والی ایک لاری کی زد میں آگئی، جس کی وجہ سے اسپتال پہنچنے سے پہلے ہی اس نے دم توڑ دیا۔
حادثے کے بعد مقامی لوگوں نے یہ کہہ کر احتجاج کیا کہ خستہ حال سڑک کی وجہ سے یہاں بار بار حادثات پیش آرہے ہیں۔
حادثے کے دونوں معاملو ں کو لے کرپولس نے مختلف کیسس درج کئے ہیں۔